دور حاضر کی ہر لمحہ بدلتی دنیا میں علم اور تعلیم ہی وہ واحد کنجی ہے :پروفیسر سید شبیر حسین شاہ
گجرات (جی پی آئی )دور حاضر کی ہر لمحہ بدلتی دنیا میں علم اور تعلیم ہی وہ واحد کنجی ہے جو کسی بھی معاشرہ ، قوم یا ملک کو صحیح معنوں میں ترقی کی شاہراہ پر گامزن کر سکتی ہے ۔ جامعہ گجرات پہلے ہی اپنے صاحب بصیرت وائس چانسلر ڈاکٹر محمد نظام الدین کی قیادت میں کمیونٹی ایجوکیشن پر زور دے رہی ہے اور اب وزیر اعلیٰ پنجاب کے پروگرام سو فیصد تعلیم میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے گی۔ ان خیالات کا اظہار رجسٹرار یونیورسٹی آف گجرات ڈاکٹر طاہر عقیل نے جشنِ آزادی کے موقع پر جہالت سے آزادی تعلیمی پروگرام کے سلسلہ میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کتے ہوئے کیا ۔ ڈائریکٹر SSCیونیورسٹی آف گجرات پروفیسر سید شبیر حسین شاہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید فکر اور سوچ کو اپنائے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ جہالت ایک رویے کا نام ہے اور اس سے چھٹکارا پائے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ پسماندگی کا تعلق بھی جہالت سے ہے ۔ اصل آزادی جہالت سے آزادی ہے۔ ڈائریکٹر CS & IT ڈاکٹر مدثر اقبال نے کہا کہ پاکستان اس وقت کئی خطرات کا شکار ہے ۔ یہ خطرات اندرونی بھی ہیں اور بیرونی بھی۔ ہمارا معاشرہ اس وقت دہشت گردی کا شکار ہے ۔ دہشت گردی سے چھٹکارا صرف اسی صورت ممکن ہے کہ ہم اپنے رویوں میں مثبت تبدیلیاں لائیں ۔ مسائل پر قابو پانے کے لیے علم کا فروغ بہت ضروری ہے ۔ پرنسپل جناح پبلک سکول گجرات مسز ترنم ریاض نے کہا کہ قرآن اور اسکی تعلیمات پر صحیح معنوں میں عمل کر کے ہم جہالت سے چھٹکارا حاصل کر سکتے ہیں۔ جہالت کو ختم کرنے کے لیے اور خواندگی کو عام کرنے کے لیے ہمیں بحیثیت معاشرہ فرداً فرداً محنت کرنا ہو گی ۔ صدر شعبہ تعلیم UOG ڈاکٹر سید شفقت علی شاہ نے کہا کہ اسلام میں علم کو بہت زیادہ اہمیت دی گئی ہے ۔ آج اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ ہم اپنی نسل نو کی اخلاقی اور ذہنی تربیت کر کے انہیں معاشرہ کا ایک کارآمد فرد بنائیں ۔ اس موقع پر اساتذہ فخر اسلام اور فرزانہ طفیل نے بھی قیام پاکستان کی بنیادوں پر زور دیتے ہوئے اپنی پر جوش تقریروں کے ذریعے حاضرین کو کچھ کر گذرنے کی تلقین کی۔ اس تقریب کے آغاز میں جناح پبلک سکول کی طالبات نے جشن آزادی کے حوالہ سے قومی و ملی نغمات پیش کر کے تقریب کے شرکاء کے دل جیت لیے۔ تقریب کی نظامت کے فرائض ڈائریکٹر میڈیا اینڈ پبلی کیشنز شیخ عبدالرشید نے سر انجام دیئے۔ تقریب کے شرکاء میں یونیورسٹی انتظامیہ کے سرکردہ اراکین ، یونیورسٹی کے ڈائریکٹران، مختلف شعبہ جات کے صدور، فیکلٹی ممبران جناح پبلک سکول کی انتظامیہ و اساتذہ اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد شامل تھی ۔
ضلع گجرات مزید خبریں










